اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری پرایم کیو ایم کے سیکڑوں کارکنان اور ہمدرد گزشتہ روز سے نمائش چورنگی پردھرنا دیے بیٹھے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کے مطابق جب تک ان کے قائد الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہوتا، دھرنا جاری رہے گا۔ دکانیں اور کاروبار بھی مکمل طور پر بند ہیں۔ جامعہ کراچی، انٹر بورڈ اور ٹیکنیکل بورڈ کے تحت ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دھرنے میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، رہنما اورکارکنان شریک ہوئے جب کہ دھرنے کی وجہ سے نمائش چورنگی اور اطراف کی سٹرکیں بند ہوگئیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔اسلام آباد میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔ حیدرآباد میں الطاف حسین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایم کیو ایم کے کارکنوں نے 9مقامات پر دھرنے دیئے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ الطاف حسین کو فوری قونصلر رسائی دی جائے۔ وزیر اعظم ہاوٴس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت الطاف حسین کی ہرطرح کی قانونی اور اخلاقی مدد کے لیے تیار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲